Go Back Go Back
Go Back Go Back

پریس بیان ڈاکٹر لوئے شبانے، نمائندہ یو این ایف پی اے پاکستان - مڈوائف: پاکستان میں صحت اور ترقی کے لیے ایک ناگزیر سرمایہ کاری

Share

News

پریس بیان ڈاکٹر لوئے شبانے، نمائندہ یو این ایف پی اے پاکستان - مڈوائف: پاکستان میں صحت اور ترقی کے لیے ایک ناگزیر سرمایہ کاری

calendar_today 05 May 2026

Dr. Luay adresses the midwives
Dr. Luay addressing a class of midwifery education

پانچ مئی، مڈوائف کے عالمی دن

کے موقع پر، ہمیں ایک گہری حقیقت یاد دلائی جاتی ہے۔ مڈوائف زندگی کے اہم ترین لمحات کی محافظ ہیں، جو ماؤں، نوزائیدہ بچوں اور خاندانوں کی حفاظت کو یقینی بناتی ہیں اور پیدائش کے بعد بھی صحت و تندرستی کے لیے اپنا تعاون فراہم کرتی ہیں۔ پاکستان بھر میں، خاص طور پر دیہی اور پسماندہ علاقوں میں، وہ اکثر طبی امداد کا پہلا اور سب سے قابلِ اعتماد ذریعہ ہوتی ہیں۔ وہ حمل، زچگی اور پیدائش کے بعد کے مراحل میں خواتین کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں، ماہرانہ دیکھ بھال فراہم کرتی ہیں، پیچیدگیوں کو روکتی ہیں، خطرات کی جلد نشاندہی کرتی ہیں اور بروقت ہسپتال منتقلی کو یقینی بناتی ہیں۔ ان کی موجودگی زچگی کو خطرے کے لمحے سے نکال کر حفاظت، وقار اور امید کے لمحے میں بدل دیتی ہے۔

تاہم، مڈوائف کی موجودہ صورتحال اور حقیقت تشویشناک ہے۔ عالمی سطح پر ماؤں کی اموات میں سے تقریباً چار فیصد پاکستان میں ہوتی ہیں۔ یہاں ہر ایک لاکھ زندہ بچوں کی پیدائش پر ایک سو پچاس سے زائد خواتین دم توڑ دیتی ہیں، جن میں سے اکثر اموات قابلِ علاج وجوہات کی بنا پر ہوتی ہیں۔ اسی دوران، ملک کو تقریباً بیاسی ہزار مڈوائف کی کمی کا سامنا ہے اور یہاں ہر دس ہزار افراد کے لیے صرف دو اعشاریہ دو مڈوائف موجود ہیں، جو کہ عالمی اوسط سے آدھی تعداد ہے۔ یہ محض اعداد و شمار نہیں ہیں، بلکہ یہ ضائع ہونے والی زندگیوں اور بکھر جانے والے خاندانوں کی کہانی ہے؛ یہ وہ خلا ہے جسے پُر کرنا ناگزیر بھی ہے اور ممکن بھی۔

مڈوائف اس چیلنج کا سب سے مؤثر اور ثابت شدہ حل پیش کرتی ہیں۔ جب انہیں مناسب تعلیم، ریگولیشن اور تعاون فراہم کیا جائے اور انہیں نظامِ صحت کا حصہ بنایا جائے، تو وہ ماں اور نوزائیدہ بچے کی صحت سے متعلق زیادہ تر ضروری خدمات فراہم کر سکتی ہیں، روک تھام کے قابل اموات کو کم کر سکتی ہیں اور بنیادی صحت کے ڈھانچے کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔ مڈوائف پر سرمایہ کاری ایک دانشمندانہ معاشی انتخاب بھی ہے۔ یہ ہنگامی دیکھ بھال کے اخراجات کو کم کرتی ہے، ہسپتالوں پر دباؤ گھٹاتی ہے اور خاندانوں کو مضبوط بنا کر طویل مدتی انسانی و معاشی ترقی کو یقینی بناتی ہیں۔

تاہم، پاکستان میں مڈوائف سے اکثر یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ضروری آلات، ادویات، نگرانی، محفوظ کام کے حالات اور منصفانہ معاوضے کے بغیر یہ بھاری ذمہ داری نبھائیں۔

اب وقت ہے کہ پاکستان بین الاقوامی معیار کے مطابق مڈوائفری کی تعلیم کو وسعت دے، بی ایس مڈوائفری پروگرام کو فروغ دے اور تربیت کے معیار کو بہتر بنا کر وہاں تعیناتی یقینی بنائے جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ مڈوائف کو کیریئر کے واضح راستوں، پیشہ ورانہ شناخت اور قیادت کے مواقع کے ساتھ نظامِ صحت میں مکمل طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔ انہیں منصفانہ تنخواہیں دی جانی چاہئیں، قانونی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے اور صحت کے شعبے کی منصوبہ بندی اور بجٹ میں ترجیح دی جانی چاہیے۔ ماہر مڈوائفری تک رسائی ایک بنیادی حق ہے۔ کسی بھی عورت کو زندگی دیتے ہوئے اپنی زندگی نہیں ہارنی چاہیے۔

یو این ایف پی اے پاکستان میں مڈوائفری کی تعلیم، افرادی قوت کی ترقی اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں تعاون کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ یو این ایف پی اے اس ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔

مستقبل کا راستہ واضح ہے، ثبوت مضبوط ہیں اور اس کے ثمرات ناقابلِ تردید ہیں۔ سوال یہ نہیں ہے کہ کیا ہم مڈوائف پر سرمایہ کاری کرنے کی سکت رکھتے ہیں، بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس سرمایہ کاری سے گریز کرنے کے متحمل ہو سکتے ہیں؟ آئیے اپنی مڈوائف کی حفاظت کر کے، ان کی خدمات کی قدر کر کے اور انہیں اپنی مکمل صلاحیتوں کے اظہار کے قابل بنا کر ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ یہ سرمایہ کاری نہ صرف صحت پر ہے، بلکہ یہ پاکستان کے وقار، خوشحالی اور مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔

********

مزید معلومات کے لیے:

مریم نواز کمیونیکیشنز اینالسٹ، یو این ایف پی اے پاکستان |

 mnawaz@unfpa.org